ماضی کی معروف اداکارہ اور سابقہ رئیلٹی شو ونر سارہ عمیر نے شوہر محسن طلعت سے طلاق کی تصدیق کر دی۔
پاکستان شوبر انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ عمیر نے اپنے ایک انٹر ویو میں انکشاف کیا کہ انکی شوہر سے علیحدگی ہوچکی ہے، سارہ نے 2014ء میں مشہور ہدایتکار محسن طلعت سے شادی کے بعد شوبر انڈسٹری کو خیر آباد کہہ دیا تھا۔
حالیہ دنوں میں وہ دوبارہ خبروں کی زینت بنیں جب وہ ریئلٹی شو تماشا سیزن 4 میں نظر آئیں،تماشا سے باہر ہونے کے بعد ایک ٹی وی شو میں شرکت کے دوران سارہ نے اپنی طلاق کی تصدیق کی، ان کا کہنا تھا کہ وہ اور محسن طلعت اب ایک ساتھ نہیں ہیں اور ان کی طلاق تماشا شو میں شرکت سے چند ماہ پہلے ہو چکی تھی۔
سارہ نےکہا کہ وہ ایک ہی فیلڈ سے تعلق رکھتے ہیں اس لیے ان کا اکثر آمنا سامنا ہو جاتا تھا، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ وہ یہ بات سب کو بتا دیں۔ سارہ نے اپنی زندگی کے اس مشکل وقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سنگل پیرنٹ کے طور پر کئی چیلنجز کا سامنا کر رہی ہیں اور اسی ذہنی دباؤ سے نکلنے کے لیے انہوں نے تماشا میں حصہ لیا۔
سارہ عمیر نےتماشا کے تجربےکو سکون بخش قراردیا،ان کا کہنا تھا کہ شو میں نہ کوئی فون تھا، نہ باہر کی دنیا سے رابطہ، اور نہ ہی روزمرہ کی الجھنیں۔ وہ ہمیشہ سے ایسا وقت چاہتی تھیں جہاں کچھ دیر کے لیے دنیا سے کٹ کر سکون کا سانس لیا جا سکے اور تماشا نے انہیں یہی موقع فراہم کیا۔
سارہ نےبتایا کہ جب انہوں نے شوکا پرومو ریکارڈ کروایا تو ان کے دل میں یہی خیال تھا کہ وہ اپنی ذاتی زندگی میں اتنی مشکلات جھیل چکی ہیں کہ اب یہ شو ان کے لیےمحض ایک کھیل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب وہ وہاں دوسرے لوگوں کو جھگڑتے ہوئےدیکھتی تھیں تو سب کچھ غیر سنجیدہ اوربچکانہ محسوس ہوتا تھا۔
انہوں نے اپنی سابقہ شادی کے بارے میں بتایا کہ وہ محسن طلعت سے پہلی بار آڈیشن کے دوران ملی تھیں اور وہیں سےدونوں کے درمیان تعلق قائم ہوا۔
سارہ نے اپنےکیریئر کا آغاز 2008 میں پی ٹی وی سے کیا اور متعدد مشہور ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، اس کے علاوہ وہ ایک نجی ٹی وی چینل کے ریئلٹی شو "دیسی کڑیاں" کی ونر بھی رہ چکی ہیں۔
ان کے اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے انہیں ہمت، حوصلے اور نئے سفر کے لیے دعائیں دیں،جبکہ کئی صارفین نے ان کی صاف گوئی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔




















