پاکستان اور بھارت کے بڑے مقابلے کےلئے پلئینگ الیون فائنل ہوگئی۔ پچ کو دیکھنے کے بعد کوچ اور کپتان نے پلئینگ الیون فائنل کی۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی مشاورت میں گزشتہ روز ابرار احمد اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کی بات ہوئی تھی تاہم کپتان سلمان علی آغا نے شاہین شاہ آفریدی پر بھروسہ دکھایا۔
ابرار احمد کی جگہ حارث روف کی شمولیت پر بات چیت ہوئی تھی تاہم کپتان اور کوچ نے فلحال عمان کے خلاف کھیلی جانے والی پلئینگ الیون پر اتفاق کیا۔
ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بیٹرز کو صبر و تحمل اور پریشر کے بغیر کھیلنے کا مشورہ دیا، ہیڈ کوچ اور کپتان نے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کو پریشر کے بغیر کھیلنے کی تلقین کی۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا آج ہوگا، معرکہ حق کے بعد روایتی حریف پہلی بار آمنے سامنے آئیں گے۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 6 ماہ کے دوران دوسری بار آمنے سامنے ہوں گی،اس سے قبل دونوں ٹیموں نے چیمپئنز ٹرافی میں میچ کھیلا تھا۔
حالیہ کارکردگی کے لحاظ سےدونوں ٹیمیں بہترین فارم میں ہیں،بھارت نے ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات کےخلاف 9 وکٹوں سےفتح حاصل کی،پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کو شکست دے کر 3 ملکی سیریز اپنے نام کی۔
ایشیا کپ میں بھارت نے اب تک 19 میچوں میں سے 10 میں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان نے 6 جیتے ہیں، پاکستان کی بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں آخری فتح 2022 میں آئی تھی، بھارت 8 بار ایشیا کپ کا چیمپئن بن چکا ہے جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز صرف 2 مرتبہ حاصل کیا۔






















