وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کے بلوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔وزیرِ اعظم نے سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی صارفین سے اگست کے بلوں کی وصولی فوری روک دی اور اس حوالے سے وزیرِ اعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایات جاری کر دیں۔
وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد متاثرہ علاقوں کیلئے پیکج کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت دی کہ جن سیلاب متاثرین سے اگست کا بل وصول کیا جا چکا ہے وہ آئندہ ماہ ایڈجسٹ کر دیا جائے۔وزیرِاعظم نے کہا کہ مشکل وقت میں عوام کے دکھوں پر مرحم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرین کے ریسکیو و بحالی کیلئے وفاقی و صوبائی ادارے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، جب تک سیلاب متاثرین اپنے گھروں میں واپس نہیں چلے جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔



















