ایشیا کپ کے سب سے بڑے مقابلے، پاکستان اور بھارت کے میچ سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اعلیٰ عہدیدار اچانک منظر عام سے غائب ہو گئے ہیں، جسے بھارتی میڈیا خاموش بائیکاٹ قرار دے رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری بائیکاٹ مہم کے باعث بی سی سی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی اعلیٰ عہدیدار کو دبئی میں جاری ایشیا کپ کے اس اہم میچ کے لیے نہیں بھیجا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر بورڈ آفیشلز نے خود کو اس میچ سے لاتعلق رکھا ہے۔
اس کے برعکس ماضی میں چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے ایونٹس کے دوران بی سی سی آئی کے تمام بڑے عہدیدار، بشمول ریاستی ایسوسی ایشنز کے نمائندے، میدان میں موجود ہوتے تھے، تاہم اس بار صورتحال مختلف نظر آ رہی ہے۔
آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے بھی میچ میں شرکت کے بجائے امریکا میں ایک میٹنگ کو ترجیح دی جبکہ بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیوجیت سائیکیا نے ویمنز ورلڈ کپ کی تیاریوں کا عذر پیش کرتے ہوئے دبئی نہ جانے کا فیصلہ کیا۔
آئی پی ایل کے چیئرمین ارون دھمال نے بھی اسٹیڈیم میں موجود نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے نائب صدر اور ایشین کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ ممبر راجیو شکلا ممکنہ طور پر صرف بھارت کی فتح کی صورت میں میڈیا پر نظر آئیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی کے دیگر عہدیداران بھی بھارت کی ممکنہ جیت کے بعد ہی عوامی سطح پر آ سکتے ہیں۔




















