وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور حنیف عباسی نے ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا جبکہ ریلوے ہیڈ کواٹرز میں اجلاس کے دوران ریلوے سٹیشن پر ہونے والی تزئین و آرائش اور سہولیات میں اضافے کا جائزہ لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلویز نے وفاقی وزیرمواصلات کو ادارے میں حالیہ مثبت تبدیلیوں سے آگاہ کیا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس ایک سال میں ہونے والے کام گزشتہ 25 برسوں میں نہیں ہوئے تھے، وفاقی وزیر نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی مثبت تبدیلیاں ریلوے کی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھیں گئیں، وفاقی وزیر ریلوے نے بہتری لا کرکمال کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ریلوے میں مثبت تبدیلی لانا خوش آئند امر ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے سیلون،ڈائننگ کار اور ادارے کے دیگر امور کی اپ گریڈیشن ہوئی ہے، وفاقی وزراءنے لاہور کی ریلوے کالونیوں کی کچی آبادیوں کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ریلوے جیسے بڑے ادارے کو عوامی امنگوں پر لانا بڑی کامیابی ہے۔
اجلاس میں لاہور شہر بالخصوص پی پی 149 کی ریلوے کالونیوں کے مسائل پر گفتگو کی گئی، حنیف عباسی نے کہا کہ ادارے کی مختلف سروسز آوٹ سورس کی گئیں، پرائیویٹ سیکٹر کو شامل کیاہے، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ریلوے کا معیار بہتر ہواہے،اصلاحات کی مناسب تشہیر بھی کریں۔
وفاقی وزیر نے لاہور کی ریلوے کالونیوں کے دیرینہ مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ، کوآرڈینیٹر این اے 117 میاں خالد محمود نے شاہدرہ کے مسائل کی نشاندہی کی ۔ پی پی 149 سے ایم پی اے شعیب صدیقی نے گڑھی شاہو کے مسائل پر گفتگو کی۔






















