وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سماء نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈس پر سیلابی صورتحال نہیں، راوی اور ستلج میں بھی ہائی لیول کاسیلاب ہے، ہمارا اندازہ تھا سندھ میں 6 سے ساڑھے 6 لاکھ سے زیادہ پانی نہیں آئےگا۔
تفصیلات کے مطابق مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ سندھ میں 5 یا ساڑھے 6 لاکھ کیوسک سے زیادہ پانی آنے کی اُمید نہیں، ہم نے سپرفلڈ کی تیاری کی تھی، لوگوں کی جان بچانا ہماری پہلی ترجیح تھی، تونسہ، پنجند پر پانی آتا ہے تو ہمیں تیاری کیلئے 2 دن مل جاتے ہیں، کچے کا علاقہ اب بھی ڈوبا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کرے گا کہ 9 لاکھ کیوسک پانی سندھ میں نہیں آئے گا، کراچی میں کل پورا دن بارش ہوتی رہی، ملیر اور لیاری ندی میں کراچی میں بارش کی وجہ سے پانی نہیں آیا، سندھ،بلوچستان کے درمیان تیزبارش ہوئی،وہ پانی ملیر اور لیاری ندی میں آیا، تھڈو نالے پر ایک ڈیم بناہوا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ ہم شاہراہ بھٹو بنا رہے ہیں جو قیوم آباد سے ایم5تک جائے گی، شاہراہ بھٹو کو قیوم آباد سے شارع فیصل تک بنا چکےہیں، شاہراہ بھٹو بالکل ٹھیک ہےا ٓگے کی سڑک پر کام ہو رہا ہے، ملیرندی میں پانی آنے سے شاہراہ بھٹو سےآگے کی سڑک پر پانی آیا، شاہراہ بھٹو پر سوشل میڈیا پر باتیں ہو رہی ہیں،اپوزیشن نے بھی بات کی، اگر مدد نہیں کر سکتے تو افواہیں پھیلا کر پریشان نہ کریں۔
ان کا کہناتھا کہ بلاول بھٹو نے کل وفاقی حکومت سے زرعی ایمرجنسی لگانے کا کہا، پنجاب میں صورتحال کافی خراب ہے، کافی سال بعد پنجاب میں سیلاب آیا ہے۔






















