پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سماجی رہنما شاہد خان آفریدی نے ملک میں جاری موسمی اور ماحولیاتی چیلنجز پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ماضی میں نہیں رہنا بلکہ اس سے سیکھ کر آئندہ کے لیے ٹھوس فیصلے کرنا ہوں گے۔
سماء کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی نسلوں کا سوچنا ہوگا اور اس طرح نہیں چلے گا، ہمیں ڈیمز بنانے اور درخت لگانے جیسے اقدامات کرنے ہوں گے۔شاہد آفریدی نے سوال اٹھایا کہ پہاڑ اور درخت کاٹ دیئے گئے ہیں، ہم کیا کر رہے ہیں؟۔
انہوں نے کالاباغ ڈیم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کالاباغ ڈیم بھاڑ میں جائے، ہمیں چھوٹے ڈیم بنانے چاہئیں جو حقیقت میں ملک کی ضرورت کو پورا کریں۔
آفریدی نے کہا کہ سیلاب کی حالیہ تباہ کاریوں سے بونیر، صوابی اور باجوڑ شدید متاثر ہوئے ہیں۔ صوابی میں ریسکیو کا کام مکمل ہو چکا ہے لیکن ریلیف اور بحالی کا کام ابھی باقی ہے۔
انہوں نے کہا کافی لوگوں کی آنکھوں میں آنسو خشک ہوگئے تھے، اگلی بار اس سے بھی زیادہ خطرناک صورتحال ہو سکتی ہے، ہمیں کسی بڑے حادثے سے پہلے اقدامات کرنا ہوں گے، ہم ملک کے لیے کب فیصلے کریں گے؟۔






















