افغانستان نے ایشیاء کپ کے پہلے میچ میں ہانگ کانگ کو 94 رنز سے شکست دیتے ہوئے فاتحانہ آغاز کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق ہانگ کانگ کی ٹیم افغانستان کی جانب سے دیئے گئے 189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 94 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی جس میں بابر حیات 39 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا جبکہ بیشتر تو ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو پائے ۔
افغانستان کی جانب سے فضل الحق فاروقی اور گلبدین نیب نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عظمت اللہ عمر زئی، راشد خان اور نور احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔
اس سے قبل افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے جس میں اوپننگ بلے باز صدیق اللہ اٹل نے 73 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور ناٹ آوٹ رہے ، ان کے علاوہ عظمت اللہ عمر زئی نے 53 اور محمد نبی نے 33 رنز بنائے ۔
ہانگ کانگ کی جانب سے ایوش شکلا اور کنچت شاہ نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ عتیق اقبال اور احسان خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
افغانستان کی پلئنگ الیون میں صدیق اللہ اٹل، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زردان، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، کریم جنت، گلبدین نائب، راشد خان، نور احمد، اے ایم غضنفر ، فضل الحق فاروقی شامل ہیں۔
ہانگ کانگ کی پلئنگ الیون میں انشے راٹھ، ذیشان علی، بابر حیات، کلہان چلو، نزاکت خان، اعزاز خان، کنچت شاہ ، یاسم مرتضیٰ ، ایوش شکلا، عتیق اقبال اور احسان خان شامل ہیں ۔






















