وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے ایک صحافی پر الزامات عائد کیے جانے کے بعد معاملہ سنگین رخ اختیار کر گیا ہے اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے صحافی عبداللہ مومند نے وزیر اعلیٰ کے خلاف ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے جس میں 11 کروڑ روپے سے زائد ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
صحافی کی جانب سے یہ نوٹس ان کے وکیل غلام قاسم بھٹی کی وساطت سے بھجوایا گیا ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے ملاقات کے دوران عبداللہ مومند پر ٹھیکے لینے اور رقم لینے جیسے سنگین الزامات عائد کیے جس سے صحافی کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی اور اسے ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
قانونی نوٹس میں وزیر اعلیٰ سے 7 روز کے اندر میڈیا کی موجودگی میں معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
صحافی کا کہنا ہے کہ جس طرح ان پر عوامی طور پر الزام لگایا گیا اسی انداز میں معافی مانگی جائے ورنہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔






















