چین نے پاکستان کو قراقرم ہائی وے فیز ٹو اور ریلوے اپ گریڈیشن کے ایم ایل ون منصوبے کی فنانسنگ کے حصول میں تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کہتے ہیں ایم ایل ون منصوبے کی فنانسنگ کا معاہدہ رواں ماہ طے پانے کا امکان ہے۔
وزارت ترقی و منصوبہ بندی نے ملکی معیشت اور ترقیاتی منصوبوں کی صورت حال پر رپورٹ جاری کر دی۔ وزیر ترقی و منصوبہ بندی نے کہا کہ پاکستان چین کو اپنی برآمدات 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر ساٹھ ارب ڈالر تک لے جانے کا خواہاں ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں مہنگائی 10.4 فیصد سے کم ہو کر 3.5 فیصد پر آگئی۔ جولائی تا اگست ایف بی آر کا ٹیکس ریونیو 14.1 اضافے کے ساتھ 1661ارب روپے رہا۔ صرف اگست میں ٹیکس محصولات 13.5 فیصد تک بڑھ گئیں۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھنے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ چون ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گئی۔ نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں بھی تیرہ فیصد اضافہ ہوا۔ دو ماہ میں ایک ہزار ارب کے پی ایس ڈی پی میں سے 150 ارب روپے کے اجرا کی منظوری دی گئی ، جبکہ 46 جاری ہوئے ۔ احسن اقبال کہتے ہیں سی پیک فیز ٹو میں زرعی شعبے میں تعاون کے ذریعے جدت لانے اور صنعتی ترقی پر توجہ دی جائے گی۔ پاک چین مشترکہ جے سی سی کا اجلاس چھبیس ستمبر کو طلب کر لیا گیا۔






















