مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام کے دل میں آج بھی بنگلہ دیشی بھائیوں کی محبت ہے۔ایم ایم عالم کوآج بھی پاکستانی قوم اپنا ہیرو سمجھتی ہے، وزیراعلی مریم نواز کاکہناتھاتجارت اور براہ راست رابطے پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوامی تعلقات کو مزید تقویت بخشیں گے۔
مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازسے بنگلہ دیش کےمشیر برائےمذہبی امور ڈاکٹر خالد حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان بھی موجود تھے۔ بنگلہ دیش میں پاکستانی طلبہ کے لئےپانچ سو نئےسکالرشپ کا اعلان کیا گیا۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان اوربنگلہ دیش کی باہمی قربت بڑھانےکا بہترین وقت ہے۔بنگلہ دیش اپنے عوام کی معاشی ترقی کے حوالے سے تیزی سےابھرکرسامنے آیا۔وزیر اعلی مریم نواز نے بنگلہ دیش کی گارمنٹس، مائیکروفنانس اور خواتین کی شمولیت میں کامیابیوں کوسراہا۔مریم نواز کا کہنا تھا پاکستان اور بنگلہ دیش کا رشتہ سرحدوں سے بالاتر نسل درنسل بھائی چارے پر مشتمل ہے-پنجاب بنگلہ دیش کے ساتھ گرین انرجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے-پنجاب اور بنگلہ دیش کے مابین فلڈ مینجمنٹ اور زرعی پائیداری میں بھی شراکت داری کا خیر مقدم کریں گے۔بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے عوام ایٹمی دھماکہ کرنے پر محمد نواز شریف کو بڑے ہیرو کے طور پر دیکھتے ہیں۔



















