انسدادِ دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )کے بانی عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو اب اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے سنادیا۔
سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ شاہ ریز پر کارکنوں کو اکسانے کا الزام بے بنیاد ہے اور اس کے حق میں کوئی ثبوت موجود نہیں۔
دوسری جانب سرکاری وکیل نے ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ بیان حلفی کی تصدیق ابھی باقی ہے۔
بعد ازاں عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد شاہ ریز کی ضمانت منظور کرلی۔
واضح رہے کہ شاہ ریز کو گزشتہ ماہ 9 مئی کیس میں لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ان کے بھائی شیر شاہ اس وقت بھی زیر حراست ہیں۔






















