وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی، جس میں حیدر آباد، سکھر ایم 6 موٹر وے کی تعمیر پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلی سندھ نے حیدرآباد سکھر موٹر وے کی منظوری پر وفاق کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ملاقات ہوئی، اس موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایم 6 موٹروے حیدرآباد سکھر سیکشن 363 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہورہا ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی حیدرآباد سکھر موٹروے کی تعمیر کرے گی، ایم 6 موٹر وے 4 سیکشنز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایم 6 موٹر وے حیدرآباد تا سکھر کو کافی عرصے سے نظر انداز کیا جارہا تھا، اب وفاقی حکومت ایم 6 حیدرآباد سکھر سیکشن کی منظوری دی ہے، ایم 6 موٹروے منظور کرنے پر وفاقی حکومت کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم 6 پر جلد کام شروع کیا جائے تاکہ عوام اور پورٹ ٹریفک کو سہولت ہو۔
ملاقات میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، چیف سیکریٹری سندھ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری مواصلات اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی صاحبزادہ شہریار سلطان بھی شریک تھے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کی۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کے ساتھ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر خالد مگسی، ایم کیو ایم رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار اور سینیٹر دنیش کمار بھی موجود تھے۔





















