قومی ادارہ صحت نے سیلاب زدہ علاقوں میں مچھروں سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا۔ قومی ادارہ صحت سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ملیریا، ڈینگی، لیشمینیاسز اور چکن گونیا کا مرض پھیل سکتا ہے، اسپتالوں میں خصوصی انتظامات کی ہدایت کردی۔
قومی ادارہ صحت کی جاری کردہ ایڈوائزری میں نشاندہی کی گئی ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں مجھروں کی بیماریاں ملیریا، ڈینگی، لیشمینیاسز اور چکن گونیا پھیل سکتی ہیں، وبائی صورتحال بھی پیدا ہوسکتی ہے۔
ایڈوائزری میں ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرہ علاقوں کے لوگ مجھروں سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے حوالے سے انتظامات کریں، ملیریا اور دیگر بیماریوں کے علاج کے حوالے سے نیشنل گائیڈ لائنز پر عمل کیا جائے اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کے نظام کو فعال بنایا جائے۔
ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کے اسپتالوں میں ایسے مریضوں کیلئے علیحدہ وارڈز مختص کیے جائیں، ادویات کی دستیابی اور مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔




















