خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پر دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی ایجنسیوں کے سہولت کار خوارج نے ہیڈکوارٹرز کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی تاہم جوانوں کے بروقت اور جرات مندانہ ردعمل سے حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشتگردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی ہیڈکوارٹرز کی دیوار سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں ہونے والے خودکش دھماکے سے دیوار کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا اور قریبی سول انفرا اسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا جبکہ دھماکے میں 3 معصوم شہری زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تاہم کارروائی کے دوران فیڈرل کانسٹیبلری اور پاک فوج کے 6 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے بھارتی پشت پناہی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہریوں اور بہادر سپوتوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔



















