نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کایاکلاس نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور سیلاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی ظاہر کی۔
انہوں نے پاکستان کی امدادی اور بحالی کی کوششوں کے لیے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اسحاق ڈار نے کایاکلاس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی قابلِ قدر ہے۔
انہوں نے یورپی نمائندہ کو سیلاب کی تباہ کاریوں اور متاثرین کو درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔
گفتگو کے دوران نائب وزیراعظم نے پاک-یورپی یونین تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مزید تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔






















