وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 25 ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر مصروف دن گزارا اور کانفرنس کے استقبالیہ میں شرکت کی جہاں رکن ممالک کے رہنماؤں نے تاریخی گرمجوشی کا اظہار کیا۔
میزبان صدر شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ نے معزز مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
فوٹو سیشن کے بعد ہال میں جاتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن وزیراعظم شہباز شریف کو دیکھ کر رُک گئے اور بڑھ کر مصافحہ کیا، خوشگوار انداز میں گرمجوشی کا اظہار کیا۔
روسی صدر پیوٹن اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان مختصر گفتگو بھی ہوئی۔
اس موقع پر چینی اور روسی صدور وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ کانفرنس ہال پہنچے جہاں عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز وزیراعظم شہباز شریف بنے۔
لازمی پڑھیں۔ پاکستان اور ترکیہ کا تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
وزیراعظم نے ترکیہ، روس، ملائشیا، بیلاروس، مالدیپ اور آذربائیجان کے صدور سے ملاقات کی جن میں خیرسگالی جملوں کا تبادلہ ہوا۔
اس کے علاوہ تاجکستان اور کرغزستان کے صدور اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے بھی غیر رسمی ملاقات کی۔
لازمی پڑھیں۔ چین کی جدید ٹیکنالوجی، طریقے پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے انتہائی سود مند ثابت ہوں گے، وزیراعظم
استقبالیہ سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں صدر اردوان نے پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔






















