ایک جانب حکومت کی جانب سے بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں تو دوسری جانب مختلف وزارتیں، ڈویژنز اور سرکاری ادارے خود آئیسکو کے 50 کروڑ روپے سے زائد کے نادہندہ نکلے۔
وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی آئیسکو کے بجلی بلوں کے نادہندہ ہونے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ حکام کے مطابق مختلف وزارتوں کے ذمہ کروڑوں روپے کے بجلی بلز کے واجبات ہیں، دفتر خارجہ 14 کروڑ 32 لاکھ 81 ہزار روپے سے زائد کا نادہندہ ہے، بی بلاک میں مختلف وزارتیں 9 کروڑ 83 لاکھ 67 ہزار سے زائد کی نادہندہ نکلیں جبکہ وزارت خزانہ سمیت دیگر 4 کروڑ 97 لاکھ 20 ہزار روپے سے زائد کی نادہندہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں قائم سی بلاک میں واقع وزارتیں 4 کروڑ 4 لاکھ 49 ہزار روپے سے زائد کی نادہندہ، پارلیمنٹ ہاؤس بجلی بلز کی مد میں 5 کروڑ 20 لاکھ 26 ہزار روپے سے زائد کا نادہندہ ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) بھی بجلی بلز کی مد میں آئیسکو کا ایک کروڑ 54 لاکھ 20 ہزار روپے سے زائد اور کابینہ بلاک 7 کروڑ 64 لاکھ 97 ہزار سے زائد کا نادہندہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ ہاؤس کے ذمہ آئیسکو کے 66 لاکھ 53 ہزار، پنجاب ہاؤس پر 51 لاکھ 20 ہزار روپے سے زائد اور فارن سروس اکیڈمی کے ذمہ 41 لاکھ 36 ہزار روپے سے زائد کے واجبات ہیں۔
حکام کے مطابق نینشل لائبریری کے ذمہ بجلی بلز کے 12 لاکھ 90 ہزار، نینشل آرٹ گیلری پر 17 لاکھ 80 ہزار، پارلیمنٹ لاجز پر 10 لاکھ سے زائد اور آزاد کشمیر کونسل سیکریٹریٹ پر بجلی بلز کے 9 لاکھ 85 ہزار سے زائد واجب الادا ہیں۔