پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کو ہٹانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ 2023 میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پی سی بی کی جانب سے غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت آن لائن کوچنگ کرنے والے ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر کی بھی چھٹی ہوجائے گی۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی زکاء اشرف نے اس حوالے سے ٹیکنوکریٹ سے مشورے بھی شروع کردیے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے مستقبل کے پلان کے لئے بڑے ناموں کو بیٹھک کے لیے بلا لیا ہے اور قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان سمیت دیگرسابق کرکٹرز ذکاء اشرف سے ملاقات کریں گے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پاکستان کے باؤلنگ کوچ مورنی مورکل نے پیر کے روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
مورکل کی کوچنگ میں پاکستان کی فاسٹ باؤلنگ ورلڈ کپ میں بری طرح ناکام ہوئی جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ جلد ہی مورکل کے متبادل کا اعلان کرے گا۔