سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بانی کے بھانجوں شیر شاہ اور شاہریز خان کی گرفتاری کی وجہ بتادی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سانحہ 9 مئی کے مفرور ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے اور سانحہ میں ملوث مفرور ملزمان شیر شاہ اور شاہریز خان کی گرفتاری شواہد پر کی گئی ہے۔
گرفتار شیر شاہ خان جناح ہاؤس حملے کا ایک اور مفرور مرکزی ملزم ہے اور جناح ہاؤس حملے کے وقت ملزم شیر شاہ سزا یافتہ مجرم حسان نیازی کے ساتھ تھا جبکہ 9 مئی کی شرانگیزی کے بعد پہلے روپوش اور پھر لندن فرار ہوگیا تھا۔
ذرائع کے مطابق کئی ماہ تک شیر شاہ چھپا رہا اور ریاست کے خلاف ڈیجیٹل مہم چلاتا رہا تاہم ملزم کو پاکستان واپسی پر پولیس نے 22 اگست 2025 کو گرفتار کیا اور ملزم پر 9 مئی حملے سے متعلق ایف آئی آر پہلے ہی درج ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم شیر شاہ جلاؤگھیراؤ ، توڑ پھوڑ ، پولیس گاڑی جلانے اور اہلکاروں پر حملوں میں ملوث ہے اور اسکی جائے وقوعہ پر موجودگی کے مستند وڈیو شواہد موجود ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ شیر شاہ 2 سال سے لندن میں روپوش تھا اور گرفتاری قانون کے مطابق کی گئی ہے۔






















