امریکا نے پینٹاگون کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ کو لیفٹیننٹ جنرل جیفری کروز کو عہدے سے ہٹادیا۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگ سیتھ نے پینٹاگون کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ کو عہدے سے برطرف کردیا۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع نے ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل جیفری کروز کو اعتماد کھو دینے کے سبب عہدے سے ہٹایا۔
اپریل میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیر دفاع کے قریبی حلقوں میں اختیارات کی جنگ کے سبب پینٹاگون ہلچل اور افراتفری کا شکار ہے۔
سنہ 2024 کے اوائل سے ڈیفنس انٹیلیجنس ایجنسی کی قیادت کرنیوالے لیفٹیننٹ جنرل جیفری کروز کی برطرفی کو صدر ٹرمپ کے غصے کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق ایران پر امریکی حملوں کے بعد ایجنسی کی جانب سے ایک ابتدائی تخمینے میں کہا گیا تھا کہ اس نے تہران کے جوہری پروگرام کو صرف چند مہینوں تک روک دیا ہے۔
اس تخمینے کو امریکی میڈیا میں بڑے پیمانے پر شائع کیے جانے اور بحث نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ان دعوؤں کی تردید کر دی تھی کہ حملوں نے ایرانی جوہری مقامات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
ڈیفنس انٹیلیجنس ایجنیسی کے تخمینے کی رپورٹ شائع ہونے سے صدر ٹرمپ اور ان کی حکومت کے دیگر عہدیدار لیفٹیننٹ جنرل جیفری کروز سے ناراض ہو گئے تھے۔





















