وزیراعظم مارک کارنی نے کہا کہ کینیڈا امریکی اشیاء پر متعدد جوابی محصولات ختم کرے گا اور امریکا کے ساتھ نئی تجارتی اور سیکیورٹی شراکت داری کے حصول پر روابط کو تیز کرے گا۔
کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکی گاڑیوں، اسٹیل اور ایلومینیم پر کینیڈین محصولات فی الحال برقرار رہیں گے۔امریکا نے حال ہی میں واضح کیا ہے کہ وہ ان کینیڈین اشیاء پر محصولات نہیں لگائے گا جو تین ملکی امریکا،میکسیکو اورکینیڈا (USMCA) آزاد تجارتی معاہدے کے مطابق ہوں گی۔
وزیراعظم مارک کارنی نے کہا کہ میں آج اعلان کر رہا ہوں کہ کینیڈین حکومت اب امریکا کی پیروی کرتے ہوئے ان تمام امریکی اشیاء پر سے محصولات ختم کرے گی جو خاص طور پر USMCA کے تحت آتی ہیں۔کینیڈا اور امریکا نے اب ہماری اشیاء کی بھاری اکثریت کے لیے آزاد تجارت کو بحال کر دیا ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس اہلکار نے کہا کہ ہم کینیڈا کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں، جو بہت پہلے ہونا چاہیے تھا۔ ہم کینیڈا کے ساتھ اپنی تجارت اور قومی سلامتی سے متعلق خدشات پر بات چیت جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔
خیال رہے کہ کینیڈا کئی ماہ سے امریکا کے ساتھ ایک نئے اقتصادی اور سیکیورٹی تعلق پر بات چیت کر رہا ہے لیکن دونوں فریق معاہدے کے قریب نہیں ہیں۔کینیڈا اور چین واحد ممالک ہیں جنہوں نے امریکا کے خلاف جوابی محصولات لگائے، جس سے امریکی انتظامیہ ناراض ہوئی۔
واضح رہے کہ کارنی نے اپریل کے الیکشن میں ٹرمپ کے محصولات کے خلاف کھڑے ہونے کے وعدے پر کامیابی حاصل کی تھی لیکن اس کے بعد سے وہ بتدریج نرم لہجہ اختیار کرتے جا رہے ہیں۔
جون کے آخر میں کارنی نے مجوزہ ڈیجیٹل سروسز ٹیکس کو منسوخ کر دیا جسے امریکی کمپنیاں سخت ناپسند کرتی تھیں، اور جولائی میں مزید پابندیوں کی بات بھی ختم کر دی اگر فریقین یکم اگست تک کسی معاہدے پر نہ پہنچے۔کارنی نے کہا کہ اب وقت ہے کہ جارحانہ رویے کی بجائے ایک معتدل حکمتِ عملی اپنائی جائے۔





















