نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاک بھارت جنگ بندی پر عمل جاری ہے، بھارت نے امریکا سے درخواست کی تھی، پاکستان نے کسی سے رابطہ نہیں کیا تھا، امریکا سے فون آیا تو بتادیا تھا کہ پاکستان کبھی بھی جنگ نہیں چاہتا تھا، واضح کردیا تھا کہ بھارت کے ساتھ کسی ایک نکاتی ایجنڈے پر بات نہیں ہوگی۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت جامع مذاکرات کیلئے تیار ہیں، پاک بھارت جنگ بندی پر عملدرآمد جاری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جنگ بندی کیلئے بھارت نے امریکا سے درخواست کی تھی، جنگ بندی کیلئے مجھے امریکا سے فون آیا تھا، میں نے واضح کردیا تھا کہ پاکستان جنگ چاہتا ہی نہیں تھا، ہم نے کسی سے نہیں کہا تھا کہ ہمیں بھارت کے ساتھ بٹھائیں، کسی نیوٹرل مقام پر مل بیٹھنے کیلئے بات کی گئی تھی، میں نے کہا تھا کہ اگر نیوٹرل مقام پر میٹنگ ہوگی تو کرلیں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکا پر واضح کردیا تھا کہ بھارت کے ساتھ کسی ایک نکاتی ایجنڈے پر بات نہیں ہوگی، بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر بات ہوگی، بھارت کی جانب سے بلاوجہ بیان بازی جاری رہتی ہے۔
نائب وزیراعظم کا کہا ہے کہ امریکا کے وزیر خارجہ کا دورۂ پاکستان ابھی طے شدہ نہیں ہے، کل بنگلہ دیش کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوؤں گا، دورے کا مقصد پاکستان اور بنگلہ دیش کو مزید قریب لانا ہے۔
ڈھاکا کے دورے کے بعد اسحاق سعودی عرب روانہ ہو جائیں گے، اسحاق ڈار جدہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے، اجلاس میں فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی مظالم پر بات ہوگی۔
واضح رہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی آج اپنا دو روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ ہوئے ہیں۔
انہوں نے اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت دیگر اہم حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جس میں تجارت، دو طرفہ تعاون، سی پیک اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
وانگ ژی نے دورے کے اختتام پر فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔
چینی وزیر خارجہ اور عسکری حکام نے سدا بہار اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے اور علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر ہم آہنگی بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وانگ ژی نے پاکستان کی خودمختاری اور ترقی کیلئے چین کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کیا، ملاقات میں خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔






















