کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کی فیکٹری میں آگ لگ گئی، آگ لگنے کے بعد دھماکے بھی ہوئے، 24 افراد زخمی ہوگئے، زیادہ تر افراد شیشے لگنے سے جبکہ 8 افراد جھلس کر زخمی ہوئے، دو کی حالت تشویشناک ہے، ریسکیو حکام کے مطابق اموات کا خدشہ ہے۔
کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کی فیکٹری میں آگ لگنے کے بعد دھماکے ہوئے، واقعے میں 26 افراد زخمی ہوگئے، 8 افراد جھلس بھی زخمی ہوئے، دو افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
ایس ایس پی مہروز علی کے مطابق بیشتر افراد شیشے لگنے کے باعث زخمی ہوئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد پتہ چلے گا کہ مالکان کے پاس این او سی تھا یا نہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق کے ایم سی کے 12 فائر ٹینڈرز، ایک اسنارکل اور باؤزر آگ بجھانے میں مصروف ہیں، امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں، جانی اور مالی نقصانات کی بھی اطلاعات ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، آتشزدگی سے قبل زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی تھی۔
حکام کے مطابق جناح اسپتال میں 13 اور سول اسپتال میں 7 زخمی لائے گئے ہیں، مزید زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، عمارت میں اب بھی لوگوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔






















