قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا ویسٹ انڈیز کی کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2025 کے لیے سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹس کے مطابق محمد رضوان نے افغانستان کے فاسٹ بولر فضل الحق فاروقی کی جگہ ٹیم میں شمولیت اختیار کی ہے جو قومی ذمہ داریوں کی وجہ سے ٹورنامنٹ چھوڑ رہے ہیں۔
لیگ کی جانب سے رضوان کی شمولیت کا باضابطہ اعلان اگلے 24 گھنٹوں میں متوقع ہے۔
تاہم پیٹریاٹس کے بارباڈوس رائلز کے خلاف میچ میں محمد رضوان کی دستیابی ابھی غیر یقینی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے رضوان کو سی پی ایل میں شرکت کے لیے این او سی جاری کیا جائے گا۔
یہ محمد رضوان کا سی پی ایل میں پہلا سیزن ہوگا جبکہ یہ ان کا دوسرا غیر ملکی ٹی20 لیگ معاہدہ ہے، اس سے قبل وہ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں میلبورن رینیگیڈز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
پیٹریاٹس کے اسکواڈ میں پہلے ہی پاکستانی فاسٹ بولرز نسیم شاہ اور عباس آفریدی شامل ہیں جو ٹیم کی بولنگ لائن اپ کو مضبوط بناتے ہیں۔
سی پی ایل 2025 میں پاکستانی کھلاڑیوں کی بھرپور نمائندگی دیکھنے کو ملے گی کیونکہ رضوان سے قبل لیگ اسپنر اسامہ میر اینٹیگا اینڈ باربوڈا فالکنز کے ساتھ معاہدہ کر چکے ہیں جبکہ عماد وسیم، محمد عامر، اور سلمان ارشاد بھی ٹورنامنٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔






















