انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کرکٹ کی تازہ رینکنگ میں بھارتی بیٹرز روہت شرما اور ویرات کوہلی کو دوبارہ شامل کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جاری کردہ فہرست سے دونوں کھلاڑیوں کے نام اچانک غائب ہونے پر شائقین میں تشویش پھیل گئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے گزشتہ روز ون ڈے بیٹنگ رینکنگ جاری کی جس میں روہت شرما اور ویرات کوہلی کے نام شامل نہیں تھے۔
گزشتہ ہفتے کی رینکنگ میں روہت شرما دوسرے اور ویرات کوہلی چوتھے نمبر پر تھے لیکن نئی فہرست سے ان کی غیر موجودگی نے سوشل میڈیا پر سوالات اور قیاس آرائیوں کو جنم دیا۔
شائقین نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ تکنیکی خرابی تھی یا آئی سی سی کی جانب سے دانستہ طور پر اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا۔
آئی سی سی کے ترجمان نے اس غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ "ہماری رینکنگ ٹیبل میں ایک غلطی ہوئی تھی جسے فوری طور پر درست کرلیا گیا ہے۔"
ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ روہت شرما اور ویرات کوہلی کی رینکنگ بحال کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ دونوں لیجنڈ کھلاڑیوں نے آخری بار فروری 2025 میں یو اے ای میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ایک روزہ میچز کھیلے تھے اور ٹائٹل جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔






















