بھارتی شہر ممبئی میں ایک بزرگ خاتون صرف ایک لیٹر دودھ آن لائن منگوانے پر اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی 18 لاکھ روپے سے محروم ہوگئی۔
گلف نیوز نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے لکھا ہے کہ ممبئی کے علاقے وڈالا کی رہائشی 71 سالہ خاتون کو 4 اگست کو ایک شخص نے فون کیا جس نے خود کو ایک ڈیری کمپنی کا ملازم ظاہر کیا، مذکورہ شخص نے خاتون کو ایک لنک بھیجا اور کہا کہ آرڈر مکمل کرنے کیلئے ذاتی اور بینک کی تفصیلات درج کریں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ملزم ایک گھنٹے سے زائد وقت تک خاتون سے فون پر رابطے میں رہا اور انہیں مرحلہ وار ہدایات دیتا رہا، اگلے روز بھی ملزم نے دوبارہ فون کرکے مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی، چند دن بعد جب متاثرہ خاتون معمول کے مطابق اپنے بینک گئیں تو انہیں معلوم ہوا کہ ان کے اکاؤنٹ سے بھاری رقم نکالی جاچکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خاتون کی شکایت کے بعد پولیس کی مزید چھان بین سے پتہ چلا کہ خاتون کے دو دیگر بینک اکاؤنٹس بھی خالی ہوچکے ہیں اور وہ اپنی تمام جمع پونجی سے محروم ہوچکی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ فراڈ کرنیوالے نے بھیجے گئے لنک کے ذریعے خاتون کے فون کا ریموٹ کنٹرول حاصل کرلیا، جس کے نتیجے میں اسے بینکنگ ایپس تک بھی رسائی مل گئی۔
پولیس نے بتایا کہ متاثرہ خاتون نے باضابطہ طور پر شکایت درج کرا دی ہے، جس کی روشنی میں ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی، دیگر حوالوں سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔





















