خیبرپختونخوا میں بونیر کے بعد صوابی میں بھی کلاؤڈ برسٹ ہوگیا، متعدد گھر ڈوب گئے، 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔
ڈپٹی کمشنر نصر اللہ نے تصدیق کی ہے کہ صوابی میں بھی کلاؤڈ برسٹ ہوگیا، جس سے متعدد گھر ڈوب گئے، دالاوڑی گدون گاؤں کئی گھر گرنے اور 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، اموات میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
ڈی سی کا کہنا ہے کہ کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے پانی کا بہاؤ بہت تیز ہے، پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، ہری پور اور مردان سے بھی ریسکیو ٹیموں کو بلالیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کی اطلاعات ملنے کے بعد اے سی، ڈپٹی کمشنر، سول ڈیفنس، پولیس اور رضاکار جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوچکے ہیں، اسپتال میں انتظامات، ادویات، کیمپ کیلئے تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔
ڈی سی نے اپیل کی ہے کہ رضاکارانہ طور پر لوگ متاثرہ افراد کی مدد کیلئے نکلیں، وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری صورتحال خود مانیٹر کررہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صوابی میں رات سے جاری بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ہے، نشیبی علاقے زیر آب آچکے ہیں، ٹوپی بازار خوڑ میں کار سیلابی پانی بہہ گئی۔
شہر میں مسلسل بارش کے باعث اس وقت ضلع بھر میں ندی نالیوں میں طغیانی اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں، ٹھنڈکوئی میں 2، 3 فٹ پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اتلہ روڈ پر لیںڈ سلائڈنگ ہوئی ہے، اسٹیفہ موڑ میں گھروں میں پانی داخل ہونے پر لوگ گھروں کی چھت پر پناہ لیے ہوئے اور امداد کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بونیر میں بھی کلاؤڈ برسٹ نے بڑی تباہی پھیلائی تھی، کئی گاؤں صفحۂٌ ہستی سے مٹ گئے تھے، 200 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، 100 سے زائد اب بھی لاپتہ ہیں۔






















