پاکستان نے ٹرائنگولر سیریز اور ایشیا کپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کردیا، بابر اعظم اور محمد رضوان کو ڈراپ کردیا گیا، سلمان علی آغا کپتان ہوں گے۔ سلیکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ حسن نواز، صائم ایوب، فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے، یہ نہیں کہا جاسکتا کہ بابر اور رضوان کو رائٹ آف کررہے ہیں، کسی کھلاری کے کیریئر پر فل اسٹاپ نہیں لگاسکتے، جو پرفارم کرے گا وہ کھیلے گا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور سلیکٹر عاقب جاوید نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرائنگولر سیریز اور ایشیا کپ کیلئے پاکستان کے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
چیف سلیکٹر نے بتایا کہ قومی ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے، دیگر کھلاڑیوں میں حسن نواز، محمد حارث، حسین طلعت، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، سلمان مرزا، حسن علی، سفیان مقیم، ابرار احمد، خوشدل شاہ اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔
عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پچھلی 3 سیریز میں جو کھلاڑی کھیل رہے ہیں وہی برقرار ہیں، کوشش ہوتی ہے جو کھلاڑی دستیاب ہوں انہی کا اسکواڈ بنایا جائے، حسن نواز، صائم ایوب، فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے اچھی پرفارمنس دی ہیں، فخر زمان کے اوپر کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئے۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ بابر اعظم کے پاس موقع ہے بگ بیش لیگ میں پرفارم کرے۔ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان ابھی آخری سیریز صرف ون ڈے کی کھیلے ہیں، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی 20 سیریز میں بابر اور رضوان نہیں تھے، یہ نہیں کہا جاسکتا کہ بابر اور رضوان کو رائٹ آف کررہے ہیں، کسی کھلاڑی کے کیریئر پر فل اسٹاپ نہیں لگاسکتے، جو کھلاڑی پرفارم کرے گا وہی کھیلے گا، اسی کو کھیلنا چاہئے۔
سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ابھی بگ بیش لیگ سمیت دیگر لیگز میں معاہدے ہوئے ہیں وہاں پرفارم کریں، صائم ایوب کی بھی ابتداء میں اچھی پرفارمنس نہیں تھی، پھر پرفارم کیا، محمد نعیم، یاسر علی، محمد نافع ہمارے پاس چوائس بہت زیادہ ہیں، ٹی 20 میں چیزیں بہتر ہیں، ون ڈے اسکواڈ کا زیادہ سوچ رہے ہیں، ایک چھا اسکواڈ بناسکتے ہیں، پرفارم تو کھلاڑی نے ہی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ہم ایک ماحول دے سکتے ہیں پرفارم پلیئرز نے خود کرنا ہوتا ہے، یہ ٹیم انڈیا کو ہرا سکتی ہے، پاکستان اور بھارت کا میچ ہمیشہ ہائی وولٹیج ہوتا ہے، سب کو پتہ ہے بڑا میچ ہے اور کیسے حالات چل رہے ہیں۔
عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ہم بیک اپ میں شاہینز ٹیم کے کھلاڑیوں کو تیار کررہے ہیں، سب کو لگ رہا ہے کہ حارث پرفارم نہیں کررہے لیکن ان کے نمبرز کافی اچھے ہیں، کپتان کی مشاورت کے بغیر کوئی ٹیم نہیں بناتے، جب آپ فیصلے کرتے ہیں تو اس پر تنقید ہوتی ہے۔
مائک ہیسن نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ ہم پچھلے نو ٹی 20 میچوں میں سے 6 جیتنے ہیں، ون ڈے کی بات تھوڑی مختلف ہے، اس وقت زیادہ فوکس ٹی 20 پر ہے کیوں کہ ایشیاء کپ اور ٹرائی سیریز کی تیاری کررہے ہیں، ہم اپنی ٹیم میں ڈیپتھ بنانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بابر نے پہلا ون ڈے اچھا کھیلا مگر اسے کچھ بہتری کی ضرورت ہے، ہمیں کچھ عرصے میں تین مختلف طرح کی پچز پر کھیلنا پڑا، شارجہ میں اسپنرز کو کافی مدد ملتی ہے جو ہمارے لئے چیلنج ہوگا۔
ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ افغانستان کی ٹیم بہت اچھی ہے جس سے ایشیاء کپ کی تیاری میں اچھا موقع ملے گا، ویسٹ انڈیز کیخلاف آخری دو ٹی 20 میچز میں پریشر میں تھے، جس میں حارث رؤف اور حسن علی نے اچھی بولنگ کی۔





















