یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سربراہ اور ایف پی سی سی آئی کے رہنما ایس ایم تنویر نے کہا کہ پاکستان کی حقیقی معاشی ترقی کے لیے اختیارات اور فنڈز کی نچلی سطح پر تقسیم ضروری ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سربراہ ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو ملنے والے فنڈز اضلاع تک منتقل نہیں ہو رہے جس سے مقامی معیشت ترقی نہیں کر پا رہی۔
ایس ایم تنویر نے زور دیا کہ پاکستان اسی وقت ایشین ٹائیگرز کی طرح ترقی کرے گا جب ضلع کی سطح پر معیشت مضبوط ہوگی۔
انہوں نے موجودہ نظام کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت مسائل کا حل نئے صوبے بنانے میں سمجھتی ہے تو تاجر برادری حکومت کے ساتھ ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاشی بہتری کے لیے ہر ڈویژن کو خود مختاری دی جائے اور این ایف سی ایوارڈ کے فنڈز اضلاع تک پہنچائے جائیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ ماہ اسلام آباد میں ایک کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں سیاسی جماعتوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے گا تاکہ اس ایجنڈے پر جامع بحث کی جا سکے۔






















