زیارات گروپ آرگنائزر کی رجسٹریشن کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ وزارت مذہبی امور کو زیڈ جی او کی رجسٹریشن کیلئے 1100 درخواستیں موصول ہوگئیں، 250 آرگنائزرز نے تمام کوائف بھی جمع کروا دیئے۔
حکومت نے ایران، عراق اور دیگر زیارتوں پر جانے والے زائرین کی سہولت کے پیش نظر زیارات گروپ آرگنائزر کی رجسٹریشن کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت مذہبی امور کو زیڈ جی او کی رجسٹریشن کیلئے 1100 درخواستیں موصول ہوگئیں، جن میں سے 250 آرگنائزرز نے تمام کوائف وزارت مذہبی امور کو جمع کروا دیئے۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ درخواست گزار اپنے کوائف 31 اگست تک جمع کروا سکتے ہیں، نئے درخواست گزار 10 ستمبر تک کوائف کے ساتھ درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق زیارات گروپ آرگنائزر رجسٹریشن کیلئے ایس ای سی پی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ انکم ٹیکس دستاویزا، پولیس کی جانب سے کیریکٹر سرٹیفکیٹ بھی دینا ہوگا، محکمہ سیاحت کی جانب سے سرٹیفکیٹ، سروسز کی فراہمی سے متعلق سرٹیفکیٹ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی زائرین سالار سسٹم کے تحت مقامات مقدسہ کی زیارات کیلئے جاتے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق زیارت گروپ آرگنائزر کی رجسٹریشن کا فیصلہ زائرین کی سہولیات اور حفاظت کیلئے کیا گیا۔






















