یومِ آزادی اور معرکۂ حق میں کامیابی کی خوشی میں سماء ہیڈ آفس لاہور میں شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وطن عزیز کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور کیک کاٹا گیا۔
تقریب میں سماء کے سی ای او جنید امین، ڈائریکٹر نیوز طارق محمود، سینئر اینکر پرسن افتخار احمد، سینئر اینکر پرسن عائشہ بخش، سی ایف او ریحان لیاقت، کری ایٹو ہیڈ حارث اقبال، ڈیجیٹل ہیڈ ڈاکٹر عاصم صدیق، ڈائریکٹر کارپوریٹ افیئرز شائمہ امجد سمیت تمام شعبوں کے اسٹاف نے بھرپور شرکت کی۔
سی ای او سماء جنید امین نے کہا آزادی اللہ تعالیٰ کا انمول تحفہ ہے اور اس نعمت کو ذمہ داری سے سنبھالنا پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر نیوز طارق محمود نے کہا کہ ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں بعد میں پختون، بلوچی، پنجابی اور سندھی ہیں، پاکستان ہے تو ہم ہیں پاکستان کے بغیر ہم کچھ بھی نہیں۔
طارق محمود کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں ایک ایک فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا پھر جاکر ہم حضرت قائداعظم محمدعلی جناح کے فلاحی مملکت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے۔
جشن آزادی کی تقریب کے دوران ٹیم سماء نے عزم کیا کہ وطن عزیز کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور ادارے کی ترقی کیلئے انتھک محنت جاری رکھیں گے۔






















