گلگت بلتستان میں شاہراہ بابو سر کو ایک مرتبہ پھر سیلابی ریلوں نے لپیٹ میں لے لیاہے جس کے باعث دو مقامات پر سڑک بند ہو گئی ہے ۔
ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ بابوسر پر سیلاب سے لینڈ سلائڈنگ ہوئی ہے جس کی زد میں ایک مقامی گاڑی بھی آ گئی ہے جبکہ ایک بچہ بھی زخمی ہواہے ۔
ترجمان کے مطابق سیلابی ریلوں نے کچھ مکانات کو جزوی نقصان پہنچایا ہے ، سیلابی ریلوں سے فصلوں اور زرعی زمینوں کا نقصان ہوا، وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو فوری سڑک بحالی کی ہدایت کی ہے، دیامر انتظامیہ اور دیامر پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے۔
ترجما ن کاکہناتھا کہ شاہراہ بابوسر زیرو پوائنٹ اور بابوسر ٹاپ سے عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے ، ٹوریسٹ پولیس نے مسافروں اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر روک دیا ہے، سڑک بحالی کا کام شروع کر دیا گیاہے ، بابوسر لوشی کے مقام پر بند سڑک بحال کر دی گئی۔
سیاحوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔






















