جنوبی کوریا کے سابق صدر یون سک یول کی اہلیہ کم کیون ہی کو بدعنوانی کے الزامات میں گرفتار کرلیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ کم کیون ہی پر رشوت خوری، اسٹاک مارکیٹ میں ہیرا پھیری، 2022 کے ضمنی انتخابات میں مداخلت اور غیر قانونی اثر و رسوخ استعمال کرنے کے الزامات ہیں۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ کم کیون ہی پر قیمتی زیورات اور تحائف، بشمول ایک وین کلیف اینڈ آرپلز کا ہار اور یونیفکیشن چرچ سے وابستہ افراد کے ذریعے تحائف وصول کرنے کے الزامات بھی شامل ہیں۔
تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ یہ تحائف کاروباری مفادات کے بدلے دیے گئے تھے۔
یہ گرفتاری ایک تاریخی واقعہ ہے کیونکہ یون سک یول اور کم کیون ہی جنوبی کوریا کی تاریخ کا پہلا صدارتی جوڑا ہیں جو بیک وقت مجرمانہ الزامات کے تحت گرفتار ہیں۔
سابق صدر یون سک یول پہلے ہی دسمبر 2024 میں مارشل لاء نافذ کرنے کی ناکام کوشش کے الزام میں جیل میں ہیں۔
کم کیون ہی کو سیئول کے جنوبی حصے میں واقع نامبو حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے جہاں وہ اپنے شوہر سے الگ ہیں۔





















