لاہور میں صوفی بزرگ حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش کے عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چادر چڑھا کر عرس کا افتتاح کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
لاہور میں حضرت داتا گنج بخش کے 982 ویں عرس کی تین روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے داتا گنج بخش کے عرس کی تقریبات کا افتتاح کیا، چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور صوبائی وزیر بلال یاسین بھی موجود تھے۔
حضرت داتا گنج بخش کے عرس کے سلسلے میں پنجاب سمیت ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ حضرت داتا گنج بخش کے عرس کے سلسلے میں 15 اگست بروز جمعہ کو ضلع لاہور میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔






















