غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس کے خلاف کامیاب آپریشنز کراچی کے عوام کیلئے بہت بڑا ریلیف ثابت ہوئے ہیں۔
پاکستان رینجرز (سندھ) کی جانب سے غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس و پانی چوری جیسے جرائم کے تدارک کے لیے اب تک کے سب سے کامیاب اور معنی خیز آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان رینجرز ( سندھ ) کی جانب سے 21 اکتوبر سے 9 نومبر 2023 کے دوران کی گئی کاررائیوں کے دوران متعدد ایسی کامیابیاں ملیں جو عوام کیلئے ایک یادگار ریلیف اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے سر کا تاج ثابت ہوئی ہیں۔
غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس و پانی چوری کے خلاف گزشتہ تقریباً 20 دنوں میں 22 اہم اور کامیاب آپریشن کئے گئے جن کے دوران 51 میں سے 48 کو مسمار جبکہ 3 کو مہر بند کیا گیا اور ملزمان کو حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان رینجرز (سندھ) اور واٹر بورڈ کارپوریشن کی جانب سے دو اہم اور بڑے مشترکہ آپریشنز کی مد میں کارروائیوں کے دوران پانی کی بڑی چوری بھی پکڑی گئی۔
واٹر مافیا کی جانب سے لانڈھی لیبر اسکوائر کے قریب 18 فٹ گہری اور 200 فٹ لمبی سرنگ کھود کر 6 پائپ لائنوں کے ذریعے یومیہ 200 ملین گیلن پانی چوری کیا جارہا تھا ۔
چیف ایگزیکٹیو واٹر بورڈ کارپوریشن صلاح الدین کے مطابق اس پانی چوری سے ایک دن کی مالیت 40 لاکھ روپے بنتی ہے، یہ غیر قانونی ہائیڈرنٹ آر او پلانٹ کے نام سے چلایا جارہا تھا۔
15 ملزمان کے خلاف واٹر بورڈ کارپوریشن کی مدعیت میں قانونی کارروائی کی گئی۔
آپریشن کے دوران 21 غیر قانونی سب سوائل بور کے غیر قانونی کنکشن کو ختم بھی کیا گیا۔