اپوزیشن نے چینی اسکینڈل پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چینی اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ چینی کے معاملے میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہو رہی ہے اور ملک کا پیسہ لوٹنے والوں کے خلاف فوری کارروائی ہونی چاہیے۔
اسد قیصر نے کہا کہ بیوروکریسی ہو یا کوئی اور ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں کو دی جانے والی سزاؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان سزاؤں میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ معلوم نہیں حکومت چاہتی کیا ہے؟ ملک کو کس طرف لے جا رہی ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈرز کو فارغ کیا جا رہا ہے اور باقی اراکین قومی اسمبلی پر بھی تلوار لٹک رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمر ایوب کو عدالت سے حکم امتناعی مل چکا ہے اور وہ اپوزیشن لیڈر ہیں اور رہیں گے۔
اسد قیصر نے اسمبلی فلور پر پابندیوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اپوزیشن کا نقطہ نظر عوام تک نہیں پہنچایا جا رہا، ہم کدھر جائیں؟۔
انہوں نے کہا کہ جدوجہد میں ہمیں کوئی نہیں ہرا سکتا اور ہم کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے ایک بار پھر چینی اسکینڈل کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام پر زور دیا اور کہا کہ سارے معاملے میں کرپشن ہو رہی ہے جس کی روک تھام ضروری ہے۔






















