پاکستان تحریک انصاف نے آج ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے، لاہور میں پی ٹی آئی رہنماء ریحان ڈار سمیت 6 اراکین اسمبلی کو حراست میں لے لیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 5 اگست کو گرفتار کرنے کیخلاف آج ملک بھر میں احتجاج کررہی ہے۔ پشاور میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں ریلی نکالی جائے گی، جو رنگ روڈ سے شروع ہوکر قلعہ بالاحصار پر ختم ہوگی۔
پنجاب پولیس کا پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، پولیس نے پی ٹی آئی رہنماء ریحانہ ڈار کو ایوان عدل کے باہر سے حراست میں لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں 6 اراکین پنجاب اسمبلی کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے، پکڑے گئے ارکان اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین ریاض قریشی بھی شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کے ارکان نے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی۔ عامر ڈوگر نے ارکان اسمبلی کی گرفتاریوں کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کو بانی کا ساتھ دینے پر سزائیں دی گئیں، جس طرح اسمبلی چلائی جارہی ہے یہ کٹھ پتلیوں کا تماشہ ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے اپنے تمام ارکان قومی اسمبلی کو پارلیمنٹ ہاؤس آنے کی ہدایت کردی، پی ٹی آئی قیادت کا اگلہ لائحہ عمل پارلیمنٹ ہاؤس میں طے ہوگا۔
سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ 5 اگست کا پی ٹی آئی احتجاج جمہوری حق ہے، احتجاج کا مقصد جمہوریت اور آئینی بالادستی کا دفاع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب مل کر اس ملک کو آزاد کرائیں، ایک ایسا پاکستان تعمیر کریں جہاں عوام کی رائے اور پارلیمان کی بالادستی ہو۔



















