نواب شاہ میں خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے بینظیر بھٹو ہاکی سٹیڈیم کا افتتاح کر دیا جبکہ انہوں نے تعلقہ دوڑ میں بینظیر گرلز سکول کا سنگ بنیاد رکھا ۔
تفصیلا ت کے مطابق آصفہ بھٹو زرداری نے آل سندھ انٹر ڈویژن پنک ہاکی چیمپئن شپ کا بھی افتتاح کیا ، انہوں نے ہاکی سے گیند گول میں پھینک کر کھیل کا باقاعدہ آغاز کیا ۔
چیمپئن شپ میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور نواب شاہ سمیت سندھ کے چھ ڈویژن کی خواتین ہاکی کھلاڑی شامل ہیں، بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے افتتاحی ہاکی میچ دیکھا اور ٹیموں کی کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کی۔
بی بی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ سندھ کی وزیر صحت عذرا پیچوہو، وزیر کھیل محمد بخش خان مہر، سندھ ویمنز ہاکی کی صدر شہلا رضا ودیگر موجود تھیں ۔
دوسری جانب خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے شہید بینظیرآباد کا دورہ کیا اور تعلقہ دوڑ میں بینظیر گرلز اسکول کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔اسکول کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو بھی آصفہ بھٹو زرداری کے ساتھ تھیں۔آصفہ بھٹو زرداری نے تعلقہ دوڑ میں بینظیر گرلز اسکول کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اسکول میں بچیوں کو پرائمری اور سیکنڈری کلاسز تک تعلیم دی جائے گی۔ اسکول میں لائبریری اور لیبارٹری سمیت جدید ترین سہولیات میسر ہوں گی۔






















