شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کا ذخیرہ حکومتی قبضے میں لیئے جانے سے اظہار لاعلمی کرتے ہوئے کہا کہ تمام شوگر ملز ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو پر چینی فراہم کر رہی ہیں، چینی کی ریٹیل قیمت کا تعین مارکیٹ فورسز کے بجائے حکومت کر رہی ہے، ملک میں وسط نومبر تک چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت کے بعض انتظامی اقدامات کی وجہ سے سپلائی چین متاثر ہوئی، بہتری آنے پر چینی کی سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے، ملز کا تعلق صرف ایکس مل قیمتوں تک ہوتا ہے، ڈیلرز گھریلو صارفین کے بجائے صنعتی و کمرشل اداروں کو زیادہ منافع پر دے رہے ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ ڈیلرز،سٹہ مافیا اپنے مقاصد کے تحت چینی کی مصنوعی قلت کا تاثر دے رہے ہیں، چینی کی قیمتوں کو برآمدات سے جوڑنا سراسر حقائق کے منافی ہے، گزشتہ برسوں میں ملز کے پیداواری اخراجات میں کئی گنا اضافہ ہوا، گزشتہ کئی سال سے شوگر ملز کو کافی نقصان اُٹھانا پڑا، مسلسل نقصان کی وجہ سے 12 شوگر ملز بند اور برائے فروخت ہیں، تمام مسائل کا حل صرف شوگر سیکٹر کی ڈی ریگولیشن سے ممکن ہے۔






















