وزیراعظم شہبازشریف نے پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کاافتتاح کر دیاہے، اس سلسلے میں لاہور ریلوے سٹیشن پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، پاک بزنس ایکسپریس ٹرین لاہور سے کراچی ساڑھے 18 گھنٹے میں پہنچے گی ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدت بعد لاہور ریلوے اسٹیشن آنے کا موقع ملا اور بہت خوشی ہوئی، لاہور ریلوے اسٹیشن پر خوشگوار تبدیلی دیکھنے کو ملی، صرف اشرافیہ نہیں،عام آدمی کیلئے شاندار سفری سہولیات فراہم کی گئیں ہیں ، سعد رفیق نے 16 مہینے کی پی ڈی ایم حکومت میں ریلوے کو چلانے کی کوشش کی،، ریلوے دنیا میں پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے اپنا مقام رکھتا ہے، ٹکٹ کا پرانا نظام ختم کر کے ڈیجیٹائز سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، ریلوے کو ٹھیک کرنے کی ذمہ داری حنیف عباسی کو سونپی، ریلوے کی بہتری کیلئے میرا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا نظر آ رہا ہے۔
شہبازشریف کا کہناتھا کہ ہم نے بھارت سے مقابلےمیں جنگ جیتی، 4دن کی پاک بھارت جنگ انتہائی خطرناک تھی، پاکستان نے جنگ جیتی،پوری دنیا اس کی معترف ہے، پوری قوم اپنی افواج کیلئے دعائیں کرتی تھی، الفتح میزائلوں کا بھرپور استعمال کیا گیا، جنگ کے دوران میرا لمحہ بہ لمحہ فیلڈ مارشل سے رابطہ تھا، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دوبارہ عزت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی میدان میں یہ سفر بہت لمبا ہے، میکرو اشاریوں میں ہمیں کامیابی ملی ہے، مہنگائی کی شرح 5 فیصد سے کم ہو گئی ہے، سی پیک کے دوسرے مرحلے کیلئے چین سے بات چیت جاری ہے۔






















