وفاقی دارالحکومت کو سیف سٹی کے بعد ڈیجیٹل سٹی بنانے کی جانب اہم پیشرفت، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے گاڑیوں کی چوری، جعلی نمبر پلیٹس اور جعلی ٹرانسفرز جیسے مسائل کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔
نئے نظام کے تحت روایتی نمبر پلیٹس کے ساتھ گاڑیوں کی ونڈ اسکرین پر آر ایف آئی ڈی (RFID) ٹیگ نصب کیا جائے گا، جس سے گاڑی کی مکمل معلومات سیف سٹی کیمروں میں محفوظ ہو جائیں گی۔ ڈائریکٹر ایکسائز بلال اعظم کے مطابق یہ "تھرڈ نمبر پلیٹ" کنسپٹ چوروں کی گرفتاری اور گاڑی کی ٹریکنگ میں مددگار ثابت ہوگا۔
محکمہ ایکسائز نے گاڑیوں کے کاغذات کی جگہ ڈیجیٹل کارڈز جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جو گاڑی کے مالک کے موبائل والٹ میں محفوظ ہوں گے۔ ڈیجیٹل کارڈز کو اسلام آباد کے ڈیجیٹل پارکنگ پلازوں سے منسلک کیا جائے گا، جہاں سے پارکنگ فیس بھی ادا کی جا سکے گی۔
بلال اعظم کا کہنا ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے گاڑی کی منتقلی ممکن ہو گی اور ایک الیکٹرانک رضامندی کی صورت میں ٹرانسفر ریکارڈ محفوظ کیا جائے گا۔ یہ سسٹم نہ صرف رجسٹریشن اور ٹیکس معاملات میں شفافیت لائے گا بلکہ ٹریفک قوانین کے نفاذ میں بھی معاون ثابت ہو گا۔






















