انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 کھلاڑیوں کی رینکنگ جاری کردی، پاکستان کو سیریز میں شکست دینے پر بنگلہ دیش کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بہتری آگئی، بیٹرز میں ٹریوس ہیڈ کا پہلا نمبر ہے، ٹاپ ٹین بیٹرز اور بولرز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں۔
آئی سی سی نے ٹی 20 کھلاڑیوں کی رینکنگ جاری کردی، بیٹرز میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ پہلی پوزیشن پر ہیں، بھارت کے ابھیشیک شرما دوسرے اور تلک ورما کی تیسری پوزیشن ہے۔
ٹی 20 رینکنگ کے ٹاپ ٹین بیٹرز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہے، بابر اعظم 13 ویں اور محمد رضوان 14 ویں نمبر پر ہیں۔
فہرست کے مطابق شائی ہوپ نے بھی بڑی چھلانگ لگائی اور دسویں پوزیشن حاصل کرلی، انہوں نے پہلے ٹی 20 میں 39 گیندوں پر 55 رنز بنائے، مچل مارش 3 درجے بہتری کے ساتھ 23ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
رپورٹ کے مطابق ویسٹ انڈیز کے برینڈن کنگ 4 درجے بہتری سے 30ویں نمبر پر آگئے، آسٹریلیا کے کیمرون گرین 34 درجے ترقی کے بعد 88ویں نمبر پر آگئے۔
آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ کے مطابق پاکستان کو سیریز میں شکست دینے کے بعد بنگلہ دیشی کھلاڑی بھی درجہ بندی میں اوپر آگئے، تنزید حسن 18 درجے ترقی کے بعد 37ویں پوزیشن پر، توحید ردوئے 2 درجے بہتری کے ساتھ 39ویں نمبر پر پہنچ گئے، پاکستان کے فخر زمان 8 درجے بہتری سے 79ویں پوزیشن پر آگئے۔
ٹی 20 بولرز میں جیکب ڈفی کا پہلا نمبر ہے، ٹاپ 20 بولرز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہے، عباس آفریدی 22ویں نمبر پر ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے روسٹن چیز کی کیریئر بیسٹ پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ٹی 20 آل راؤنڈرز رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگئے، انہوں نے آسٹریلیا کیخلاف دو میچز میں مجموعی طور پر 76 رنز بنائے تھے۔
ٹی 20 بولرز میں مستفیض الرحمان 17 درجے بہتری سے نویں پوزیشن، مہدی حسن 16ویں، تنزیم حسن ثاقب 37ویں، شرف الاسلام 43ویں نمبر پر آگئے جبکہ پاکستان کے اسپنر ابرار احمد 12 درجے ترقی کے بعد 49ویں پوزیشن پر آگئے۔





















