ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا اہم اجلاس 24 جولائی کو بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ہوگا، جس کی صدارت اے سی سی کے صدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کریں گے، ذرائع کے مطابق محسن نقوی آج ڈھاکہ روانہ ہوں گے۔
اجلاس میں ایشیا کپ کے انعقاد، شیڈول اور وینیو سمیت اہم امور پر مشاورت کی جائے گی۔ اے سی سی اجلاس شیڈول کے مطابق ہوگا اور اس میں رکن ممالک کی شرکت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت اور سری لنکا کے نمائندے اس اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، تاہم اے سی سی کے دیگر ممبران کل ڈھاکہ پہنچیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی نے اجلاس کے مقام کے حوالے سے کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ڈھاکہ میں اجلاس کروانے کا پختہ فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ڈھاکہ میں قیام کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تیسرا میچ بھی اسٹیڈیم میں جا کر دیکھیں گے۔






















