چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے غیرت کے نام پر دہرے قتل کا نوٹس لے لیا۔
چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس کو22جولائی کو طلب کرلیا۔
دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے میں غیرت کے نام پر خاتون سمیت دو افراد کے قتل کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے مقتولین کی قبرکشائی کی اجازت دےدی۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کیے جانے والے جوڑے کے کیس میں ابتک 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے تصدیق کردی۔
کوئٹہ کے قریب ڈیگاری کے علاقے میں مرد اور عورت کے دوہرے قتل کا واقعہ عید سے چند دن پہلے پیش آیا مگر جب سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو حکام نیند سے جاگے۔ ریاست مدعی بنی اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوا۔
پسند کی شادی پر خاتون اور مرد کے قتل کا مقدمہ پولیس تھانہ ہنہ میں درج کرلیا گیا ، مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں دہشتگردی قتل خوف وہراس پھیلانے سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
مقدمے میں 15 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، پولیس نے مقدمے میں نامزد ساتکزئی قبیلے کے سربراہ سردار شیر باز سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا، سردار شیر باز ساتکزئی پر دوہرے قتل کا فیصلہ دینے کا الزام ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مخلتف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہے۔






















