فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور لاہور چیمبر آف کامرس کے صدور نے ایک دوسرے سے رویہ درست کرنے اور عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کردیا۔
کراچی میں ہڑتال نے تاجر برادری کو تقسیم کردیا ہے جس کے نتیجے میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور لاہور چیمبر آف کامرس کے درمیان شدید تناؤ پیدا ہوگیا ہے اور دونوں تنظیموں کے صدور نے ایک دوسرے سے رویہ درست کرنے اور عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
لاہور چیمبر کے صدر ابوذر شاد نے ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام کو لکھے گئے خط میں ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔
ابوذر شاد نے کہا کہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ آپ کو فوری طور پر عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے نمائندوں کی ضرورت نہیں ہے جو حکومت کے لیے ثالث کا کردار ادا کریں۔
دوسری جانب ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام نے لاہور چیمبر کے صدر ابوذر شاد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ساتھ میٹنگ کے دوران آپ کے طرز عمل پر گہری تشویش اور مایوسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا رویہ کاروباری برادری کی نمائندگی کی ساکھ کو مجروح کرتا ہے۔






















