پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے کہا ہے کہ ہاکی فیڈریشن اپنے وعدوں کو پورا کرے تاکہ کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہو۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ کا ایشیا کپ 2025 کے حوالے سے کہنا تھا کہ یہ ایک اہم ٹورنامنٹ ہے اور ٹیم کی تیاری بہت اچھی ہے۔
ہاکی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ایشیا کپ میں شرکت کے بارے میں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے حکومت سے مشاورت کی ہے اور حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی ٹیم اس پر عمل کرے گی۔
عماد بٹ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں بھارت جانا ٹیم کے لیے خطرے سے خالی نہیں ہے۔
انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن نے ابھی تک کھلاڑیوں کے واجبات ادا نہیں کیے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیڈریشن اپنے وعدوں کو پورا کرے تاکہ کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہو۔
انہوں نے حال ہی میں لیک ہونے والی اپنی آڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پر غور و فکر کیا جانا چاہیے کیونکہ یہ ہاکی کے مسائل کو اجاگر کرتی ہے۔
انہوں نے ٹیم کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے پاس اتنا مضبوط بیک اپ موجود ہے کہ وہ کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی کہ کھیلوں کے شعبوں کو بحال کیا جائے تاکہ کھلاڑیوں کو روزگار کے مواقع مل سکیں۔






















