وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ سالوں میں مون سون اور کلاؤڈ برسٹ سے پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) صوبوں کے ساتھ مل کر مربوط منصوبہ بندی کرے جبکہ وزارت منصوبہ بندی اور وزارت موسمیاتی تبدیلی اس میں تعاون کریں۔
جمعرات کو اسلام آباد میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر کے دورے کے دوران وزیراعظم کو حالیہ مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ این ڈی ایم اے میں جدید ٹیکنالوجی اور قابل انسانی وسائل دیکھ کر خوشی ہوئی۔
شہباز شریف نے حالیہ کلاؤڈ برسٹ اور چکوال، لاہور، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں شدید بارشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب اور دیگر علاقوں میں بارشوں کی شدت کم رہی جو شکر کا مقام ہے۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے درمیان تعاون کو سراہا اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت دیگر صوبائی حکومتوں نے غیر معمولی مون سون صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر انتظامات کیے جس سے نقصانات کم ہوئے۔
تاہم، انہوں نے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ کلاؤڈ برسٹ کی شدت بڑھنے کی پیش گوئی کے پیش نظر ابھی سے تیاری کرنی چاہیے، وفاقی حکومت این ڈی ایم اے کو ضروری سازوسامان مہیا کرے گی جبکہ صوبوں کو بھی انسانی وسائل، ٹیکنالوجی، ریسکیو اور ریلیف کے لیے سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔






















