سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے پاکستان پوری امتِ مسلمہ میں ایک منفرد اور نمایاں حیثیت کا حامل ملک بن چکا ہے اب وقت آ گیا ہے پاکستان کو اسلامی دنیا کی حقیقی آواز کے طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
مردان اسپورٹس کمپلیکس میں دستورِ اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےمولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جو اسلامی ممالک کے ساتھ مضبوط اتحاد اور یکجہتی کا مظہر ہو۔
فضل الرحمان نے کہا کہ عالمی حالات بالخصوص امریکہ اور ایران کے مذاکرات اس کا ثبوت ہیں کہ پاکستان اسلامی دنیا کی مؤثر نمائندگی کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ یہی وہ پاکستان ہے جس کی بنیاد نظریہ اسلام پر رکھی گئی تھی۔
انہوں نےکہا کہ امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد ناگزیر ہے اور پاکستان کو عالمی سطح پر اسلامی دنیا کی مؤثر ترجمانی کرنی ہوگی ۔ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے اسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا وہ ایران اور فلسطینی بچوں کے خون سے تاریخ کے سیاہ باب رقم کر رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی ناگزیر ہے اور وہ دن دور نہیں جب یہ خطہ آزاد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی خود ساختہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کے طوفان نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جسے فوری طور پر واپس لینا ہوگا۔





















