دنیا کے سب سے معمر 114 سالہ میراتھون رنر فوجا سنگھ کو ٹکر مارنے والی گاڑی کے مالک کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کے تقریباً 30 گھنٹے بعد پولیس نے 26 سالہ امرت پال سنگھ ڈھلون کو گرفتار کر لیا ہے جس کی گاڑی نے فوجا سنگھ کو ٹکر ماری تھی۔
ڈھلون کا تعلق جالندھر کے کرتار پور سے ہے لیکن وہ سیاحتی ویزے پر کینیڈا منتقل ہو گئے تھے اور اب وہاں مقیم ہیں، تاہم، وہ گزشتہ مہینے کے آخری دنوں میں بھارت واپس آئے تھے۔
حادثہ جالندھر کے قریب فوجا سنگھ کے گاؤں کی سڑک پر پیش آیا جہاں وہ چل رہے تھے کہ امرت پال کی گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔
زخمی حالت میں فوجا سنگھ کو اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ گزشتہ روز چل بسے۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے حادثے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی شناخت کی جو کپور تھلا کے رہائشی ورندر سنگھ کے نام پر رجسٹرڈ تھی۔
ورندر سنگھ نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے یہ گاڑی امرت پال سنگھ ڈھلون کو فروخت کی تھی جس کے بعد پولیس نے امرت کو گرفتار کر لیا۔
امرت پال نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا کہ وہ اپنا موبائل فون فروخت کرنے کے بعد گھر جا رہا تھا جب یہ حادثہ پیش آ گیا۔
اس نے بتایا کہ وہ نہیں جانتا تھا کہ حادثے کا شکار ہونے والا شخص میراتھون رنر فوجا سنگھ ہے اور اسے اس بارے میں بعد میں میڈیا کے ذریعے پتا چلا۔






















